شیموگہ، 4؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) شموگہ میں حال ہی میں ہرشا نامی جس بجرنگ دل کارکن کا قتل ہوا تھا، حکومت کرناٹک نے مہلوک کے خاندان کےکے لئے 25 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر دیہی ترقی و پنچایت راج کے ایس ایشوراپا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے انہیں فون پر اپنے فیصلہ کے بارے میں بتایا۔ ایشورپا نے کہا کہ وہ اور سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپا 6 مارچ کو ہرشا کے گھر جائیں گے اور معاوضہ کی رقم اس کے خاندان کے حوالہ کریں گے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق آن لائن مہم کے ذریعہ ہرشا کی ماں کے اکاؤنٹ میں زائداز 60لاکھ روپے جمع ہوئے ہیں۔ شیموگہ میں تشدد کے دوران شدت پسند تنظیم کے کارکن ہرشا کے قتل کی واردات پیش آئی تھی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اشرار اس قتل کے ساتھ ایک پیغام دینا چاہتے تھے۔ وزیر اعلیٰ بومئی نے کہا کہ تحقیقاتی ایجنسیاں جڑ تک پہنچیں گی اور قتل کے پس پردہ ”نادیدہ“ ہاتھوں کو تلاش کریں گی۔ پولیس نے اس قتل کے تعلق سے اب تک 10 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
یاد رہے کہ بجرنگ دل کارکن کے قتل کے بعد شیموگہ میں 7 دنوں کا کرفیو لگایا گیا تھا اور 28 فروری کو وہاں کے حالات بحال ہوئے تھے۔ متعلقہ نوجوان کے قتل کے بعد کرکرناٹک میں کئی کارکنوں نے سوشل میڈیا پر ایک مہم شروع کی اور ہرشا کے ایک رکن خاندان کو اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کے لئے ٹکٹ دینے حکمراں بی جے پی سے مطالبہ کیا ۔
بتایا جارہا ہے کہ یہ مہم دن بہ دن طاقتور ہوتی جارہی ہے اور حکمراں بی جے پی ان واقعات پر بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ متعلقہ کارکنوں نے سیاسی مفادات کی تکمیل اور زمینی کارکنوں کے لئے کچھ نہ کرنے پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اس حلقہ کی نمائندگی فی الحال وزیر دیہی ترقی و پنچایت راج کے ایس ایشوراپا کرتے ہیں۔